Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب پولیس نے علامہ ناصر مدنی کا "سافٹ ویئر" بھی "اپڈیٹ" کردیا

اپ ڈیٹ 29 مارچ 2020 07:59am

معروف عالم دین علامہ ناصر مدنی بھی اپنے گزشتہ بیان سے پلٹ گئے ہیں اور کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کیخلاف احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے حامی ہو گئے ہیں۔

انہوں نے اب نئی ویڈیو میں اس مشکل وقت میں تمام اداروں کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ علامہ ناصر مدنی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ کورونا وائرس کیخلاف حکومتی اقدامات اور کورونا سے بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر کے خلاف بات کرتے نظر آئے۔

علامہ ناصر مدنی کا کہنا تھا 'کورونا وائرس کچھ بھی نہیں ہے، یہ کہتے ہیں کہ کورونا وائرس پھیل گیا ہے، یہ ہو گیا ہے، ایک جگہ جمع نہ ہوں۔ اگر مسلمان موت سے ڈرتا تو ٹیپو سلطان نہ ہوتا، راحیل شریف کا بھائی شبیر شریف نہ ہوتا، میجر عزیز بھٹی نہ ہوتا، آپ لاہور میں کھڑے نہ ہوتے،

ویڈیو میں انہوں نے پوچھا کہ جب لاہور میں ڈینگی آیا تو کوئی مرا؟ ڈینگی آیا تو اتنے لوگ نہیں مرے، کینسر سے کون مرا ہے؟ پولیس والے ناکوں پر کھڑے ہوتے ہیں، دھول کھاتے ہیں، آدھوں کو کینسر اور آدھوں کو ہیپاٹائٹس ہو گیا ہے، کبھی غور کیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ میں یہ پیغام دیتا ہوں کورونا وائرس ایسے نہیں پھیلنا، جہاں مرضی جمع ہو جائیں، لیکن ایک بات یاد رکھیں، موت شیشے کے کمرے میں بھی آ جائے گی، یہ عالمی سازش ہے کہ تمام ممالک کی اسٹاک مارکیٹس ختم کر دیں، ہم اتنے لوگ کھڑے ہیں، ہمیں تو کچھ نہیں ہو رہا۔'

اب مولانا ناصر مدنی کی ایک نئی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں انہوں نے اپنی گزشتہ تمام باتوں سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور پولیس نے بریفنگ دی ہے جو یقیناً پاکستان اور پوری انسانیت کے حق میں ہے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے کورونا وائرس جیسی موذی وباء سے بچاﺅ کی تدابیر اور پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی تاکید کی۔

علامہ ناصر مدنی نے کہا 'میرے چاہنے والے تمام ناظرین، میرے چنوں اور میرے مکھنوں! آپ کورونا وائرس کیخلاف لڑیں، اپنی پولیس، فوج اور حکومت کا ساتھ دیں، کسی سے ہاتھ نہ ملائیں، کسی سے گلے نہ ملیں، ڈاکٹر صاحبان کا ساتھ دیں، گھروں میں بھی اکٹھے ہو کر مت بیٹھیں بلکہ الگ الگ بیٹھیں، تولیہ بھی ایک دوسرے کا استعمال نہ کریں، اپنے ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھوئیں، پاکستان میں اور پوری دنیا میں انسانیت کیلئے کام کریں، غریبوں کے گھروں میں راشن پہنچائیں۔'

انہوں نے کہا 'مجھے لاہور پولیس نے بریف کیا اور جو بریفنگ دی گئی وہ پاکستان اور انسانیت کے حق میں ہے، یہ وقت کورونا کیخلاف لڑنے کا ہے، باہر دکانوں پر مت جائیں اور دکانیں مت کھولیں۔'